رباط: مراکش میں منی بس کے گہری کھائی میں گرنے سے 24 افراد ہلاک ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شمالی افریقی ملک کے اب تک کے بدترین سڑک حادثات میں سے ایک حادثے میں بس میں سوار تمام ہی مسافر موت کے منہ میں چلے گئے۔ مقامی حکام نے بتایا کہ مسافر وسطی صوبے عزیلال کے قصبے ڈیمنیٹ میں ہفتہ وار بازار کے لیے پہاڑی راستے سے سفر کر رہے تھے کہ منی بس موڑتے وقت الٹ گئی۔ ڈیمنیٹ ہسپتال کے ڈائریکٹر یوسف مخلوفی نے بتایا کہ تمام مسافر مر چکے ہیں اور مرنے والوں میں کم از کم 2 خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔
مقامی این جی او کے لیے کام کرنے والے شہری نے کہا کہ منی بس کے پاس لائسنس نہیں تھا اور یہ ایسا مسئلہ ہے جو خاص طور پر صوبہ عزیلال سمیت دیگر پہاڑی علاقوں کے رہائشیوں کو متاثر کرتا ہے۔ انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد کا ایک ہی قصبے سے تعلق تھا، انہوں نے کہا کہ مرنے والوں کی تدفین کے لیے کام شروع کر دیا گیا ہے۔ مراکش اور دیگر شمالی افریقی ممالک کی سڑکوں پر اکثر حادثات ہوتے رہتے ہیں جن میں سالانہ ہزاروں اموات ہوتی ہیں۔
مقامی حکام نے بتایا کہ مارچ میں گیارہ افراد اس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب کہ منی بس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر درخت سے جا ٹکرائی تھی۔ غریب شہری دیہی علاقوں میں سفر کرنے کے لیے کوچز اور منی بسوں کا استعمال کرتے ہیں۔ گزشتہ سال اگست میں مراکش کے معاشی دارالحکومت کاسا بلانکا کے مشرق میں ایک موڑ پر بس الٹنے سے 23 افراد ہلاک اور 36 زخمی ہو گئے تھے۔نیشنل روڈ سیفٹی ایجنسی کے مطابق مراکش میں سالانہ اوسطاً 3ہزار 500 اموات اور 12ہزار افراد زخمی ہوتے ہیں ، یہ روزانہ اوسطاً 10 اموات بنتی ہیں، گزشتہ سال ان ہلاکتوں کی تعداد 3ہزار 200 کے لگ بھگ تھی۔2012 میں ملکی تاریخ کے بدترین بس حادثے میں 42 افراد ہلاکت کے بعد سے حکام نے 2026 تک اموات کی شرح کو نصف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
حکام نے بتایا کہ پڑوسی ملک الجزائر میں 19 جولائی کو 34 افراد اس وقت ہلاک ہو گئے جب کہ مسافر بس تیل لے جانے والے ٹرک سے ٹکرا گئی تھی۔ الجزائر کی سول ڈیفنس ایجنسی نے کہا کہ یہ کئی برس کے دوران ملک کا سب سے مہلک سڑک حادثہ تھا، اس میں 12 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے کئی شدید جھلس گئے تھے۔ تیونس کے بدترین سڑک حادثات میں سے ایک 2019 میں پیش آیا تھا جب ایک بس کھائی میں جا گری تھی اور کم از کم 24 شہر ہلاک اور 18 زخمی ہو گئے تھے۔
لیبیا کی وزارت داخلہ کے محکمہ ٹریفک نے 2018 میں ملک بھر میں 4 ہزار 115 سڑک حادثات ریکارڈ کیے جن میں 2ہزار 500 افراد ہلاک اور 3 ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2020 میں عرب دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک مصر کی سڑکوں پر تقریباً 7 ہزار افراد حادثات کا شکار ہو کر موت کے منہ میں چلے گئے۔ (یو این آئی)