حیدرآباد: نیپال میں یتی ایئر لائنز کا طیارہ حادثہ، ہوائی جہاز کے ان مہلک حادثات کی ایک بھیانک یاد دہانی ہے، جو ملک میں ملکی اور غیر ملکی طیاروں کے ساتھ پیش آیا۔ اتوار کو ہونے والے حادثے میں اب تک 40 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جن میں 68 مسافر سوار تھے، جن میں سے پانچ ہندوستانی شہری بھی تھے۔ ریکارڈ کے مطابق، نیپال میں گزشتہ 27 برسوں میں تقریباً 27 مہلک حادثے ہو چکے ہیں۔ ملک میں طیاروں کے دس بڑے حادثات کی فہرست یہ ہے۔
- رائل نیپال ایئرلائنز کا طیارہ حادثہ: یکم اگست 1962 کو، اس وقت کی رائل نیپال ایئر لائنز کے ذریعے چلنے والا ڈگلس DC-3 نیپال میں اس وقت گر کر تباہ ہو گیا جب گوچر ایئرپورٹ (آج تریبھون انٹرنیشنل ایئرپورٹ) سے پالم ایئرپورٹ ( آج اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ) کے لیے پرواز پر تھا۔ جس میں سوار تمام 10 مسافروں اور عملے کے چار ارکان کو ہلاک کر دیا۔
- تھائی ائیر ویز کا طیارہ حادثہ: 31 جولائی 1992 کو تھائی ائیر ویز کی بین الاقوامی پرواز 311 تھائی لینڈ کے ڈان میوانگ بین الاقوامی ہوائی اڈے سے تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب آتے ہوئے گر کر تباہ ہو گئی جس میں سوار تمام 99 مسافر اور عملے کے 14 ارکان ہلاک ہو گئے۔
- پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کا طیارہ حادثہ: چند ماہ بعد ہی 28 ستمبر 1992 کو، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کھٹمنڈو کے تریبھون انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب پہنچتے ہوئے گر کر تباہ ہو گیا جس میں تمام 155 مسافر اور عملے کے 12 ارکان ہلاک ہو گئے۔ یہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی تاریخ میں ہوائی جہاز کے مہلک ترین حادثات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
- رائل نیپال ایئر لائنز کا ٹوئن اوٹر حادثہ: 27 جولائی 2000 کو، رائل نیپال ایئر لائنز ڈی ہیولینڈ کینیڈا DHC-6 ٹوئن اوٹر بجہنگ ایئرپورٹ سے دھن گڑھی ایئرپورٹ جاتے ہوئے گر کر تباہ ہو گیا، جس میں سوار تمام 25 مسافر اور عملہ ہلاک ہو گیا۔
- یتی ایئر لائنز کا طیارہ حادثہ: اکتوبر 2008 میں یتی ایئر لائنز 103- ایک گھریلو نیپالی پرواز - گر کر تباہ ہو گئی جس میں کم از کم 14 افراد ہلاک ہو گئے جن میں سے 12 کا تعلق جرمنی اور 2 کا آسٹریلیا سے تھا۔
- اگنی طیارہ حادثہ: اکتوبر 2010 میں، نیپال میں کھٹمنڈو سے لوکلا جانے والی پرواز کے دوران ایک اگنی ہوائی جہاز گر کر تباہ ہو گیا اور تمام 14 مسافر اور عملے کے ارکان ہلاک ہو گئے۔
- بدھا طیارہ حادثہ: بدھا ایئر کی پرواز 103، 25 ستمبر 2011 کو نیپال کے للت پور میں، قریبی کھٹمنڈو ہوائی اڈے پر خراب موسم میں لینڈ کرنے کی کوشش کے دوران گر کر تباہ ہو گیا، جس میں تمام 19 مسافر اور عملے کے ارکان ہلاک ہو گئے۔اس حادثے میں 10 ہندوستانی بھی مارے گئے تھے۔
- سیتا طیارہ حادثہ: ستمبر 2012 میں، سیتا ایئر کی پرواز 601 (ST601)،ایک نیپالی گھریلو مسافر پرواز کھٹمنڈو کے تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے سے لوکلا کے تنزنگ ہلیری ہوائی اڈے پر گر کر تباہ ہو گئی جس میں سوار تمام 19 مسافر ہلاک ہو گئے۔
- یو ایس بنگلہ طیارہ حادثہ: مارچ 2018 میں، بنگلہ دیش کے ڈھاکہ سے یو ایس-بنگلہ ایئر لائنز کی پرواز 211 نے کھٹمنڈو میں حادثے کا شکار ہوگیا جس میں سوار 71 میں سے 51 مسافر ہلاک ہو گئے۔
- تارا ایئر کا طیارہ حادثہ: 30 مئی 2022 کو، تارا ایئر کا ایک جیٹ جو پوکھرا سے نیپال کے جومسوم جا رہا تھا۔ اچانک ریڈار سے غائب ہوگیا۔ اور پھر بعد میں ایک پہاڑی پر اس کا ملبہ برآمد ہوا۔ بعد ازاں تمام 22 مسافروں اور عملے کے ارکان کی لاشیں نکال لی گئیں۔