واشنگٹن: امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں 82 مسلم امیدواروں کی کامیابیوں کے ساتھ ہی امریکی سیاست میں مسلم قیادت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل سال 2020 میں مسلم امیدواروں کی تعداد 71 تھی۔ جیٹ پیک ریسورس سینٹر اور کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز (CAIR) نے بتایا کہ امریکہ میں 82 مسلم امیدواروں کو وفاقی و ریاستی نشستوں پر منتخب کیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ وسط مدتی انتخابات میں 145 امریکی مسلم امیدواروں نے مقامی، ریاستی اور وفاقی دفتر کے لیے انتخاب میں حصہ لیا تھا۔ Muslims in US Midterm Elections
جیٹ پیک ریسورس سینٹر کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر محمد میسوری نے کہا کہ میں ملک بھر میں مقامی اور ریاستی انتخابات میں تاریخی کامیابی سے متاثر ہوں، جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ مسلم کمیونٹی مسلسل انتخابی کامیابی کے لیے ٹھوس بنیادی ڈھانچہ بنا رہی ہے۔ انھوں کہا کہ تعلیم، رہائش، آب و ہوا اور شہری حقوق کے بارے میں پالیسی فیصلے ریاستی قانون سازوں کے ذریعے مرتب کیے جاتے ہیں اس لیے یہ ضروری ہے کہ پالیسی سازی کے عمل میں ہماری آواز کی نمائندگی کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: US Midterm Elections باحجاب مسلم خاتون نے امریکی وسط مدتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی
واضح رہے کہ امریکہ کے 2022 کے وسط مدتی انتخابات میں ری پبلیکن پارٹی نے برتری حاصل کرلی ہے اور اسے ایوان نمائندگان کا کنٹرول سنبھالنے کے لیے مزید 8 نشستیں درکار ہیں۔ وسط مدتی انتخابات کے لیے 8 نومبر کو امریکہ میں پولنگ ہوئی تھی اور اب تک کے نتائج کے مطابق ری پبلکن 210 نشستیں جیت چکے ہیں جب کہ ڈیمو کریٹس کو 195 پر کامیابی ملی ہے۔ سینیٹ میں ری پبلکن کی 49 اور ڈیموکریٹس کی 48 نشستیں ہیں، جارجیا میں سینیٹ کی نشست پر ری پولنگ ہوگی۔ (یو این آئی مشمولات کے ساتھ)