ایتھنز: یونان کے پیلوپونیس میں تارکین وطن کو لے جانے والا ایک جہاز الٹ جانے سے کم از کم 78 لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ 104 کو بچا لیا گیا ہے۔ یونانی میڈیا نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔ ای آر ٹی نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ بحیرہ روم میں تارکین وطن کے سب سے مہلک جہازوں کے حادثہ کا شکار ہونے میں سے ایک ہے۔
انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن نے بتایا کہ جہاز میں کم از کم 400 تارکین وطن سوار تھے، جب کہ زندہ بچ جانے والوں کا اندازہ ہے کہ جہاز میں 700 تارکین وطن سوار تھے۔ بچائے گئے تارکین وطن کو مبینہ طور پر کلاماتا کی بندرگاہ بھیج دیا گیا ہے جو پیلوپونیس کے جنوبی حصے میں واقع ہے۔ یونانی صدر کیترینا ساکیلاروپولو بچائے گئے لوگوں سے ملنے کالاماتا پہنچیں۔
مزید پڑھیں: نائجیریا میں کشتی ڈوبنے سے 18 لوگوں کی موت
دن کے آخر میں یونان کے قائم مقام وزیر اعظم ایونس سرماس نے تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ "وزیراعظم نے یونان کے مغرب میں بین الاقوامی آبی علاقہ میں آج کے المناک بحری جہاز کے حادثے کے متاثرین کے لیے بدھ 14 جون کی شام 9:00 بجے سے ہفتہ 17 جون کی رات 9:00 بجے تک تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔"
واضح رہے کہ بحیرہ روم میں اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ تارکین وطن کی کشتیاں ڈوپ چکی ہیں جن میں درجنوں افراد ہلاک اور کئی لاپتہ ہوئے تھے۔ بحیرہ روم کے علاوہ دیگر سمندوں میں بھی آئے دن مسافر بردار کشتیوں کے ڈوب جانے کی اطلاعات موصول ہوتی رہتی ہیں۔
یواین آئی