اسلام آباد: پاکستان میں اتوار کو دو مختلف سڑک حادثات میں گیارہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں کار اور ٹریکٹر کے درمیان تصادم میں پانچ افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ حادثہ خیرپور جوسو کے قریب انڈر پاس ہائی وے پر کہرے کے باعث پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا اور وہ لاڑکانہ کے رہائشی تھے۔
پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ دوسرا واقعہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع نیلم گھاٹی کے علاقے شاردا میں پیش آیا جہاں ایک وین کھائی میں گرنے سے 6 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام زخمیوں کو مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔