اماراتی وزیر برائے امور خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کے اس اعلان کی سختی سے مذمت کرتے ہیں جس میں ان کا کہنا ہے کہ سترہ ستمبر کو ہونے والے انتخابات کے بعد وہ وادی اردن کو اسرائیل میں شامل کرنے کا اعلان کریں گے۔
شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے مزید کہا کہ یہ اعلان ایک خطرناک پیش رفت ہے، جو تمام بین الاقوامی معاہدوں اور قراردادوں کی کھلی توہین پرمبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری عشروں سے مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے کوششیں کررہی ہے۔ ایسے میں وادی اردن کو اسرائیل میں ضم کرنے کا اعلان مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کی مساعی کو تباہ کرنے کی منظم کوشش تصو کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اعلانات انتخابات کا خوفناک حد تک ناجائز استعمال اور انتخابات سے ناجائز فایدہ اٹھانے کی بدترین شکل ہے۔
اماراتی وزیرخارجہ نے اسرائیلی وزیراعظم کے اشتعال انگیز اعلان پرسعودی عرب کی طرف سے اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس بلائے جانے کے مطالبے کا خیر مقدم کیاہے۔
اتوار کے روز اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے جدہ میں وزرائے خارجہ کی سطح کا اجلاس طلب کیا ہے جو نیتن یاہو کے متنازع اعلان کے مضمرات پرغور کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم کے انتخابی اعلان کا مقابلہ کرنا مسلمان ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہمیں اسرائیلی لیڈرشپ کو ایسے اقدامات سے روکنا ہوگا جو تنازع فلسطین کے حل کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرسکتا ہے۔