ترکی کے وکیشنل اسکولوں کے اساتذہ ہزاروں چہرے کے ماسک سلائی کر کے کورونا وائرس وبائی بیماری کے خلاف جنگ میں شامل ہو گئے ہیں۔
اس ہفتے استنبول کی میٹرو پولیٹن بلدیہ نے اس اقدام کے لئے اپنے تین سرکاری اسکولوں کا انتخاب کیا اور وہاں اس کام کی شروعات کی گئی۔
پروگراموں کے ڈائریکٹرز کے مطابق ان تین اسکولوں کے 135 اساتذہ روزانہ 15 ہزار ماسک تیار کر رہے ہیں۔
ترکی میں وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لئے سپر مارکیٹوں جیسے عوامی مقامات پر چہرے کے ماسک کا لگانا لازمی قرار دیا گیا ہے، حالانکہ ترک حکومت اس ماسک کو مفت میں تقسیم کر رہی ہے۔
ہفتے کے روز استنبول کے گورنر کے دفتر نے اعلان کیا کہ اب عوامی نقل و حمل کے ملازمین اور مسافروں کے لئے ماسک لازمی ہے۔
ترکی میں 52 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں جبکہ ملک میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 11 سو سے تجاوز کر گئی ہے۔
واضح ہو کہ 11 مارچ کو ترکی میں کورونا وائس کا پہلا معاملہ سامنے آیا تھا جس کے بعد مسلسل اس میں اضافہ درج کیا جا رہا ہے۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے اس کو لیکر تشویش کا اظہار بھی کیا تھا کہ ایک ہفتے کے دوران ترکی میں کورونا وائس مثبت معاملوں میں کافی اضافہ ہوا ہے۔