بیروت میں منگل کی شام ہوئےاس تباہ کن دھماکہ میں کم از کم 160 لوگوں کی موت اور ہزاروں لوگ زخمی ہوئے تھے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ 'وہ تمام رہنما جن کی بدعنوانی اور لاپرواہی کی وجہ سے یہ دھماکہ ہوا، انہیں پھانسی دی جائے'۔
اس دوران مظاہرین نے سرکاری عمارتوں پر پتھراو کیا اور پولیس کے ساتھ ان کا تصادم بھی ہوا۔ پولیس کے ساتھ تصادم میں سینکڑوں مظاہرین کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ اعلی حکام کو بار بار اس بات کی وارننگ دی گئی تھی کہ بیروت کی بندرگاہ پر کئی برسوں سے پڑے 2750 ٹن امونیم نائٹریٹ سے بڑا خطرہ ہے لیکن اس کے باوجود کسی نے اس پر توجہ نہیں دی اور حکام ایک دوسرے کو قصوروار ٹھہراتے رہے۔
واضح رہے کہ دھماکہ کے معاملہ میں اب تک 19 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں لبنان کے کسٹم محکمہ کے سربراہ، ان کے پیش رو اور بندرگاہ کے سربراہ شامل ہیں۔