عراق کے صلاح الدین صوبے میں آخری رسوم کے ٹینٹ اور نزدیکی چوکی پر اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) کے عسکریت پسندوں کے حملے میں 13 لوگوں کی موت اور 45 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس ذرائع نے یہ اطلاع دی ہے۔ کرنل محمد البازی نے جمعہ کے روز بتایا کہ آئی ایس کے عسکریت پسندوں نے بغداد سے تقریباً 80 کلو میٹر شمال میں یثرب شہر کے نزدیک عبدالجیلی گاؤں میں آخری رسوم کے ایک ٹینٹ پر حملہ کیا۔
محمد البازی نے کہا کہ آئی ایس کے عسکریت پسندوں نے گاؤں کے نزدیک ایک چوکی پر بھی حملہ کیا جس میں تین پولیس اہلکار مارے گئے۔
انہوں نے کہا کہ سلامتی دستوں نے جائے واقعہ کو سیل کردیا ہے۔ وہیں بلاد شہر میں واقع بلاد اسپتال سے وابستہ ذرائع نے بتایا کہ اسپتال میں گولی سے ہلاک ہوئے 13 لوگوں کی لاشیں لائی گئی ہیں، جبکہ 45 دیگر لوگوں کو علاج کے لئے داخل کیا گیا ہے۔
عراق کے مشترکہ آپریشن کمانڈ کے ایک مختصر بیان میں حملے کی تصدیق کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: عراق: بم دھماکے میں 30 افراد ہلاک، درجنوں زخمی
صوبائی گورنر عمار الزبیر نے ایک بیان جاری کرکے اس حملے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی دستوں نے واقعہ کی جانچ شروع کردی ہے۔
(یو این آئی)