کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے درمیان سعودی عرب نے احتیاطی اقدامات میں تیزی لائی ہے اور سعودی وزارت داخلہ نے کورونا کے انسداد کے لیے احتیاطی تدابیر کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کورونا وباء سے نمٹنے کے لیے جاری سرکاری مشن میں تعاون کرتے ہوئے مساجد میں تمام دعوتی سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔ آئندہ سارے دعوتی پروگرام آن لائن چلانے کا حکم دیا ہے۔ نمازوں کے اوقات اور مساجد کھولنے اور بند کرنے کے حوالے سے بھی متعدد پابندیاں لگا دی ہیں۔
وزارت نے ہر طرح کی تقریبات، سماجی اجتماعات، تفریحی پروگرامات، سینما ہالز، ریستورانس اور کافی شاپس میں ٹیبل سروس فراہم کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کیسز میں اضافہ کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ شادی بیاہ اور کمپنیوں کی طرف سے منعقد ہونے والی تقریبات اور اس ضمن میں کیے جانے والے ہر طرح کے اجتماعات جو شادی ہالز، ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز یا کسی بھی ہال میں منعقد کیے جاتے ہوں ان پر 30 دن تک کے لیے پابندی ہے۔
خبر میں بتایا گیا ہے کہ اسی ضمن میں کیمپنگ وغیرہ بھی آتے ہیں جہاں لوگوں کا اجتماع ہوتا ہے۔ اس فیصلے سے ناگزیر سماجی تقریبات کو استثنیٰ ہے جن میں حد سے حد 20 سے زیادہ افراد جمع نہیں ہوسکتے، یہ فیصلہ آئندہ 10 دنوں تک نافذ ہوگا جس میں توسیع کا امکان ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ ملک میں تمام تفریحی سرگرمیاں 10 دن تک معطل کی جائیں گی، اس میں توسیع کا امکان ہے۔ تمام سینما گھر، اِن ڈور تفریحی مراکز، اِن ڈور گیمز خواہ وہ ریستورانوں میں ہوں یا شاپنگ مالز میں، تمام جِم اور اسپورٹس کلب، ان سب کو آئندہ 10 دنوں تک بند رکھا جائے گا، اس مدت میں توسیع کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ ابھی حال ہی میں سعودی عرب نے برطانیہ، ارجنٹائن ، برازیل ، مصر ، فرانس ، جرمنی ، انڈیا ، انڈونیشیا ، آئرلینڈ ، اٹلی ، جاپان ، لبنان ، پاکستان ، پرتگال ، جنوبی افریقہ ، سویڈن ، سوئٹزرلینڈ ، سے سفر کرنے والے غیر ملکیوں کے داخلے پر عارضی پابندی عائد کردی ہے۔ جس میں متحدہ عرب امارات ، ریاستہائے متحدہ امریکہ اور ترکی بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مملکت سعودی عرب نے اپنی فضائی، سمندری اور زمینی سرحدوں کو بھی 17 مئی تک بند کردیا ہے۔
اسی درمیان حجاج کرام کے کوٹے کو حتمی شکل دینے کے لئے میٹنگ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق عازمین حج کے کوٹے کو حتمی شکل دینے کے لئے ہندوستانی سفارت کاروں اور سعودی حکام کے مابین ہونے والی ملاقات پر بھی غیر یقینی صورتحال پائی جاتی ہے۔ جس کا انعقاد 10 فروری کو ہونا ہے۔ اس رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ریاستی حج کمیٹی کے ایک ذریعہ نے کہا ہے کہ، "حج کی تاریخ قریب ہونے کی وجہ سے کوٹہ کے الاٹمنٹ کے امکانات بہت کم ہیں۔