اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق اور اس کے جنوبی نواحی علاقے کے قریب جمعرات کی صبح میزائل سے حملے کیے۔ اس میں چار فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ثنا نے ایک نامعلوم فوجی اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ شام کے فضائی دفاع نے اسرائیلی میزائل کو آسمان میں ہی مار گرایا جس سے وہ اپنے نشانے تک نہیں پہنچ سکا۔
ثنا نے کہا کہ کچھ میزائل اسرائیلی جنگی طیاروں نے ہمسایہ لبنان کے اوپر سے فائر کیے۔
برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے ہیومن رائٹس نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی حملوں میں دمشق کے قریب فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا لیکن اس کے بارے میں مزید کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔
لبنان کے عسکریت پسند حزب اللہ گروپ کے المنار ٹی وی نے کہا ہے کہ شامی فضائی دفاعی میزائل لبنان-شام سرحد کے قریب پھٹا اور اس کا شور جنوبی لبنان کے کچھ حصوں تک سنا گیا۔ بعد ازاں کہا گیا کہ یہ میزائل لبنان کے سرحدی گاؤں ہولا کے قریب گر کر تباہ ہوا ہے۔
اسرائیل نے گذشتہ برسوں کے دوران شام میں ایران سے منسلک فوج کے خلاف سینکڑوں حملے کیے ہیں لیکن اسرائیل اس طرح کی کاروائی کی ذمہ داری لینے سے انکار کرتا ہے۔