اسرائیل کی جانب سے شام کے دارالحکومت دمشق پر میزائلوں سے حملہ کیا گیا جسے شامی ایئر ڈیفنس نے ناکام بنا دیا۔
شامی میڈیا کے مطابق، شامی ایئر ڈیفنس نے میزائل حملے ناکام بنانے کے بعد مزید اسرائیلی حملوں کے پیش نظر فضائی دفاعی نظام متحرک کر دیا ہے۔
مقامی میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے میزائل حملوں میں ایرانی حمایت یافتہ چھ جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں اور املاک کو نقصان پہنچا ہے۔
شامی فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسرائیلی فوجی طیاروں نے گولان کی پہاڑیوں پر پروازیں کیں۔ ان کا مقصد دارالحکومت دمشق کے کناروں پر واقع علاقوں میں متعین اہداف کو نشانہ بنانا تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شامی فوج کے فضائی دفاعی نظام نے زیادہ تر اسرائیلی میزائلوں کو مار گرایا۔
مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ انہوں نے دمشق کے جنوبی حصے میں زور دار دھماکے سنے۔ اس حصے میں ایران کے حمایت یافتہ مسلح گروپ تعینات ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ابھی تک اس حملے کے حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کانگو: شدت پسندوں کے حملے میں 13 شہری ہلاک، متعدد زخمی
ایران نواز مسلح گروپوں کو شام کے مشرقی، جنوبی اور شمال مغربی علاقوں کے علاوہ دارالحکومت دمشق کے اطراف کئی مضافاتی علاقوں میں وسیع کنٹرول حاصل ہے۔ اسی طرح لبنان اور شام کے درمیان سرحدی علاقے بھی ان گروپوں کے زیر کنٹرول ہیں۔
گذشتہ ماہ 13 جنوری کو شام کے مشرق میں ہتھیاروں اور عسکری ٹھکانوں پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 57 افراد ہلاک ہوئے۔ مرنے والوں کا تعلق شامی فوج اور یران نواز گروپوں سے تھا۔
اسرائیلی فوج نے دسمبر میں اپنی سالانہ رپورٹ میں بتایا تھا کہ اس نے سنہ 2020 کے دوران شام میں تقریبا 50 اہداف کو نشانہ بنایا۔ تاہم ان کارروائیوں کے بارے میں تفصیلات پیش نہیں کی گئیں۔