سعودی عرب کے جنوب مغربی شہر ابہا کے ہوائی اڈے کے چار ملازمین یمن کے حوثی باغیوں کے دھماکہ خیز مواد سے کیے گئے ڈرون حملے کے نتیجے میں زخمی ہوگئے ہیں۔
سعودی عرب کے سرکاری الاخباریہ براڈکاسٹر نے عرب اتحاد کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈرون کو سعودی فورسز نے مار گرایا لیکن تباہ شدہ ڈرون سے چار افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔
یمن کئی سالوں سے صدر عبدالرب منصور ہادی اور حوثی باغیوں کے درمیان حکومتی فورسز کے درمیان مسلح تصادم میں الجھا ہوا ہے۔
مارچ 2015 سے سعودی قیادت میں عرب اتحاد جو منصور ہادی کی افواج کے تعاون سے کام کر رہا ہے، باغیوں کے خلاف فضائی ، زمینی اور سمندری آپریشن کر رہا ہے، جو دارالحکومت صنعا اور شمالی اور مغربی یمن کے بڑے علاقوں پر کنٹرول رکھتے ہیں۔
حوثی باغی اکثر سعودی سرحدی علاقوں پر حملے کے لیے دھماکہ خیز مواد کے ساتھ ڈرون استعمال کرتے ہیں۔
یمن 2014 سے خانہ جنگی کی لپیٹ میں ہے جب ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے دارالحکومت صنعا اور ملک کے شمال کے بیشتر حصے پر قبضہ کرلیا۔
گزشتہ ہفتے ملک کے جنوبی صوبے شبوا میں حوثی باغیوں اور حکومت کی حامی فورسز کے درمیان لڑائی دوبارہ شروع ہوئی جس میں دونوں جانب سے متعدد افراد ہلاک ہوئے۔