متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ایک ائیر ایمبولینس ہفتہ کو گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں دو پائلٹ ایک ڈاکٹر اور ایک نرس ہلاک ہوگئے۔
ابو ظہبی پولیس نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پائلٹ ٹرینر خمیس سعید الہولی، لیفٹیننٹ پائلٹ ناصر محمد الراشدی کے ساتھ ساتھ شہری ڈاکٹر شاہد فاروق غلام اور نرس جوئل کیوئی سکارا منٹو کی موت ہوگئی۔
ابوظہبی پولیس کے جنرل ہیڈ کوارٹرز نے اپنی میڈیکل ٹیم کے چار ارکان کی موت پر غم کا اظہار کیا جو کہ ہفتے کو ڈیوٹی کے دوران ائیر ایمبولینس طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہوئے۔
پولیس نے بتایا کہ "ہفتے کے روز ڈیوٹی کے دوران ایمبولینس طیارے کے حادثے میں چار افراد ہلاک ہوئے۔"
فورس نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ "ابوظہبی پولیس کی جنرل کمانڈ ان کے خاندانوں، جاننے والوں اور ساتھی کارکنوں کے ساتھ گہری تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔"
گلف نیوز نے لائن آف ڈیوٹی میں ہلاک ہونے والے دو پائلٹوں کی شناخت اماراتی کے طور پر کی جبکہ ڈاکٹر غلام اور نرس منٹو کی قومیت کا فوری طور پر پتہ نہیں چل سکا۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ طیارہ گرنے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔