عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کووڈ 19 کے شدید متاثر مریضوں کے لئے مفید تصور کی جا رہی ڈیکسامیتھاسون کے ابتدائی کلینیکل ٹرائلز کے نتائج کا خیرمقدم کیا ہے ۔
ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھانوم نے کہا کہ ڈیکسامیتھاسون ایک عام اسٹیرائڈ ہے، جس نے کووڈ 19 کے شدید بیمار مریضوں پر اچھے اثرات مرتب کیے ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کے ساتھ اشتراک کئے گئے ابتدائی نتائج کے مطابق صرف آکسیجن پر منحصر مریضوں کے لئے ڈیکسا میتھا سون کے ذریعے علاج سے شرح اموات کو پانچویں حصے تک کم کیا جا سکتا ہے۔ اس سے وینٹیلیٹروں کی ضرورت والے مریضوں کی شرح اموات تقریباََ ایک تیہائی کم ہو گئی تھی ۔
ڈیکسامیھاسون کے اثرات کووڈ 19 کے شدید بیمار مریضوں پرہی دیکھے گئے ہے۔ ہلکی علامات والے مریضوں پر کوئی اثر نہیں دیکھا گیا ہے۔
ڈاکٹر ٹیڈروس نے کہا ''یہ بہت اچھی خبر ہے۔ میں برطانیہ کی حکومت، آکسفورڈ یونیورسٹی اور برطانیہ کے ان اسپتالوں اور مریضوں کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں جنہوں نے زندگی بچانے والی سائنسی پیشرفت میں اپنا تعاون پیش کیا ہے۔''
واضح ر ہے کہ ڈیکسامیتھاسون ایک اسٹیرایڈ ہے جس کا استعمال 1960 سے کیا جا رہا ہے۔ اس کا استعمال کچھ خاص اقسام کی سوجن کو کم کرنے کے لئے کینسر میں کیا جاتا ہے۔ ڈیکسامیتھاسون 1977 سے ہی ڈبلیو ایچ او کی ضروری ادویات کی فہرست میں شامل ہے۔ فی الحال اس کا کوئی پیٹنٹ نہیں ہے اور بیشتر ممالک میں آسانی سے دستیاب ہے۔