برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے دورہ بھارت منسوخ کر دیا ہے۔ جانسن کو یوم جمہوریہ پریڈ میں مدعو کیا گیا تھا۔ اس سفر کی منسوخی کی صورت میں جانسن یوم جمہوریہ کی تقریبات میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
اس سے قبل 15 دسمبر کو یہ اطلاع ملی تھی کہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت قبول کر لی ہے۔ بھارتی یوم جمہوریہ پریڈ میں جانسن مہمان خصوصی ہوں گے۔ اس سے قبل 2 دسمبر کو برطانوی ہائی کمیشن کے ترجمان نے کہا تھا کہ جانسن بھارت آنے کے خواہشمند ہیں۔
بھارت کے آزاد ہونے کے بعد جانسن برطانیہ کے دوسرے وزیر اعظم ہوتے جو نئی دہلی میں یوم جمہوریہ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے۔ اس سے قبل سنہ 1993 میں اس وقت کے وزیر اعظم جان میجر مہمان خصوصی تھے۔
وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے 15 دسمبر کو برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کی طرف سے یوم جمہوریہ کی تقریبات میں مہمان خصوصی بننے کی دعوت قبول کرنے کے بعد کہا تھا کہ 'اس سے بھارت اور برطانیہ تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا'۔
دراصل، دستور ہند 26 جنوری 1950 کو نافذ ہوا۔ تب سے ہم ہر برس یوم جمہوریہ منا رہے ہیں۔ 26 جنوری سنہ 2021 کو بھارت اپنا 72 واں یوم جمہوریہ منانے جارہا ہے۔
اس موقع پر ہر برس بھارت کسی نہ کسی ملک کے سربراہ کو اپنا مہمان بناتا رہا ہے۔ بھارت نے سنہ 1950 سے سنہ 2020 تک یوم جمہوریہ کے موقع پر 80 غیر ملکی مہمانوں کی میزبانی کی ہے۔