اٹلی کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ایک ہفتہ قبل ملک کی 5.90 کروڑ آبادی میں سے ایک کروڑ سے زیادہ شہریوں کو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں دے دی گئیں۔ اب تک ملک میں تقریباً 3.45 کروڑ خوراکیں دی جاچکی ہیں۔ اس مدت کے دوران، اٹلی میں کورونا وائرس کے متاثرین میں مستقل کمی درج ہوئی ہے۔ اتوار کے روز 14 اکتوبر کے بعد سے ملک میں کورونا وائرس سے سب سے کم 44 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ اسپتالوں میں داخل مریضوں کی تعداد کے ساتھ ہی انتہائی نگہداشت کے مریضوں کی تعداد بھی آہستہ آہستہ کم ہورہی ہے۔ حکام اس بہتری کو کامیاب ٹیکہ کاری سے جوڑ رہے ہیں۔
ملک میں پیر کے روز تین علاقوں سردینیا، مولیزے، اور فریولی وینزیا کو وائٹ زون میں دکھایا گیا ہے، جہاں لاک ڈاؤن تقریبا مکمل طور پر ختم کردیا گیا ہے۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ لازمی طورپر ماسک پہنیں، معاشرتی فاصلہ رکھیں اور عمارتوں میں باقاعدگی سے ڈس انفکشن کا استعمال کریں۔ ملک میں آہستہ آہستہ لاک ڈاؤن کو ختم کیا جارہا ہے۔ اٹلی میں ٹیکہ کاری کی یہ مہم 27 دسمبر سے شروع کی گئی تھی اور اس سال ستمبر کے آخر تک 80 فیصد آبادی کو کورونا سے پاک رکھنے کا ہدف مقرر کیا گیاہے۔
(یو این آئی)