ڈومینیکا ہائی کورٹ نے مفرور ہیرے کے تاجر میہل چوکسی کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی ہے۔ ہائیکورٹ نے میہل چوکسی کو فلائٹ ریسک کی وجہ سے ضمانت دینے سے انکار کردیا۔ حکومت کے وکیل نے ضمانت کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ چوکسی ملک سے فرار ہوسکتا ہے۔
واضح ہو کہ دفاعی وکلاء نے ہائیکورٹ میں استدلال کیا کہ میہل چوکسی بطور کیریکوم شہری ضمانت کا حقدار ہے۔
وزارت خارجہ نے جمعرات کے روز کہا کہ مفرور ہیرا تاجر میہل چوکسی ڈومینیکا حکام کی تحویل میں ہے اور وہاں کچھ قانونی کارروائی جاری ہے۔ وزارت نے یہ بھی کہا کہ مفرور ہیرا تاجر کو واپس لانے کے لئے تمام کوششیں جاری رکھیں گے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان اریندم باگچی نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ گذشتہ ماہ برطانیہ-بھارت مذاکرات میں معاشی مجرموں کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا اور برطانوی فریق کا کہنا تھا کہ ان کے ملک میں فوجداری نظام کی نوعیت کی وجہ سے کچھ قانونی رکاوٹیں ہیں، لیکن وہ جلد از جلد ایسے لوگوں کی حوالگی کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
بھارتی حکومت مفرور بھارتی تاجروں وجئے مالیا اور نیرو مودی کو برطانیہ سے حوالگی کے لئے کوششیں کررہی ہے تاکہ ان پر یہاں مقدمہ چلایا جاسکے۔
آن لائن میڈیا بریفنگ میں چوکسی کے بارے میں پوچھے جانے پر باگچی نے کہا کہ "جہاں تک میہل چوکسی کا تعلق ہے، اس ہفتے میرے پاس کوئی تازہ ترین معلومات نہیں ہے۔
وہ ڈومینیکا حکام کی تحویل میں ہے اور وہاں کچھ قانونی عمل جاری ہیں۔ ڈومینیکا ہائی کورٹ نے چوکسی کی ضمانت پر سماعت 11 جون تک ملتوی کردی ہے۔ یہ معلومات مقامی خبروں میں دی گئیں ہیں۔
چوکسی 23 مئی کو اینٹیگوا اور باربوڈا سے پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیا تھا، جہاں وہ 2018 سے شہری کی حیثیت سے مقیم تھا۔ بعد میں اسے پڑوسی ملک ڈومینیکا میں حراست میں لے لیا گیا۔
پی این بی گھوٹالہ کیس میں بھارت میں مطلوب مفرور ہیرے کے تاجر نیرو مودی کے سوال پر باگچی نے کہا کہ برطانیہ کے وزیر خارجہ نے 15 اپریل کو ان کی بھارت حوالگی کا حکم دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ نیرو مودی اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ وہ فی الحال برطانوی حکام کی تحویل میں ہے۔