فرانسیسی نیشنل فنانشل پراسیکیوٹر کے دفتر (پی این ایف) نے جمعہ کو بتایا کہ 2016 میں بھارت کو 36 رافیل لڑاکا طیاروں کے فروخت میں مبینہ بدعنوانی کی تحقیقات کی ذمہ داری ایک جج کو سونپی گئی ہے۔
اس سے قبل اپریل میں ایک فرانسیسی میڈیا کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ہوائی جہاز تیار کرنے والے ایک 'مڈل مین' کو 1.1 ملین ادا کیے گئے تھے۔ یہ بتایا گیا کہ 'فرانسیسی انسداد بدعنوانی ایجنسی (اے ایف اے) کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ڈاسالٹ نے ایک مڈل مین کو 1.1 ملین یورو کی ادائیگی کی تھی۔
یہ رقم ڈاسالٹ کے ذریعہ اخراجات میں 'کلائنٹ کو تحفے' کے طور پر بھی دکھائی گئی تھی۔
فرانسیسی جرنل کے الزامات کے بعد اپریل میں فرانسیسی ایرو اسپیس میجر ڈاسالٹ ایوی ایشن نے بھارت کے ساتھ رافیل لڑاکا طیارے کے معاہدے میں بدعنوانی کے تازہ الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ معاہدے کے فریم میں کسی بھی طرح کی خلاف ورزی کی اطلاع نہیں ہے۔
بھارت میں حزب اختلاف خصوصی طور سے کانگریس نے اور کانگریس کے اس وقت کے صدر راہل گاندھی نے 2019 کے عام انتخابات کے دوران اس مسئلے کو سختی سے اٹھایا تھا اور راہل گاندھی نے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے ذریعہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
کانگریس نے یہ بھی ذکر کیا تھا کہ دفاعی خریداری کے طریقہ کار کے تحت بھارتی حکومت کی پالیسی میں یہ کہا گیا ہے کہ دفاعی خریداری کے ہر معاہدے میں 'سالمیت کی شق' ہوگی۔ اور اس دوران کوئی بھی ثالث یا کمیشن یا رشوت کی ادائیگی نہیں ہوسکتی ہے۔
مڈل مین یا کمیشن یا رشوت کے کسی بھی ثبوت کے فراہم ہونے پر سپلائر دفاعی کمپنی پر پابندی، معاہدہ منسوخی، ایف آئی آر کے اندراج اور مختلف سپلائر کمپنی پر بھاری مالی جرمانہ عائد کرنے کا قانون ہے۔
کانگریس نے نریندر مودی کی زیرقیادت حکومت پر یہ الزام لگایا تھا کہ وہ رافیل جیٹ طیاروں کا بہت زیادہ قیمت کا سودا کرکے ریلائنس کی ملکیت میں صنعت کار انل امبانی کو فائدہ پہنچانے کا کام کر رہی ہے۔ نیز ڈاسالٹ ایوی ایشن اور ریلائنس گروپ نے ڈاسالٹ ریلائنس ایرو اسپیس لمیٹیڈ (DRAL) کا مشترکہ منصوبہ 2017 میں قائم کیا تھا اور ناگپور میں ایک ایسا پلانٹ بنایا تھا جو 2018 کے بعد سے متعدد فالکن حصوں اور ٹکڑوں کی تیاری کر رہا ہے۔