برطانیہ کی میزبانی میں آئندہ سال ہونے والے گروپ سیون کے فارین اینڈ ڈیولپمنٹ وزرا کے اجلاس میں برطانیہ نے بھارت کو آسٹریلیا کے ساتھ میٹنگ کی صدارت کرنے کے لئے دعوت دی ہے۔
لندن میں ہونے والے اجلاس میں گروپ سیون (جی -7) ممالک - کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، امریکہ اور برطانیہ کے علاوہ یورپی یونین (ای یو) کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔
یہ اجلاس 3 سے 5 مئی کے درمیان کووڈ سے متعلق حفاظتی اقدامات کے ساتھ منعقد کیا جائے گا۔
برطانیہ نے اس سال گروپ سیون کے وزرائے خارجہ اور ترقیات کی میٹنگ کے کچھ حصوں میں شامل ہونے کے لئے بھارت، آسٹریلیا، جمہوریہ کوریا، جنوبی افریقہ اور آسیان کے صدر اور جنرل سکریٹری کو بھی دعوت دی ہے۔
برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈومینک راب نے کہا کہ اس موقع پر دنیا کی سب سے بڑی جمہوری جماعتیں جمع ہوں گی۔
اس اجلاس کا مرکزی ایجنڈا کووڈ کی وبا کے ساتھ ساتھ آب و ہوا کا بحران بھی ہوگا کیوں کہ اس سال کے آخر میں برطانیہ اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔
اس سے قبل برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے بھارت میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے درمیان 25 اپریل سے اپنا دورہ بھارت منسوخ کردیا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے جنوری میں بھی یوم جمہوریہ کی تقریبات میں شرکت کے لئے ہونے والے دورہ بھارت کو منسوخ کردیا تھا۔