عالمی وبا كووڈ 19 سے بری طرح متاثر اٹلی میں اس کے انفیکشن سے ہلاکتوں کی تعداد 21067 ہو گئی ہے جبکہ اس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 1 لاکھ 62 ہزار 488 تک پہنچ گئی ہے۔
پوری دنیا میں کورونا وائرس سے امریکہ کے بعد سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ہی ہوئی ہیں۔
اٹلی کے شہری سکیورٹی محکمہ کے سربراہ اینجیلو بوریلی نے گذشتہ روز پریس کانفرنس میں بتایا کہ ”گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے 602 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ منگل کے روز اٹلی میں کورونا وائرس کے ایک ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے اب تک متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 62 ہزار 488 ہوگئی ہے۔
ان متاثرین میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جن کی اس وبا سے موت ہو چکی ہے یا جو مکمل صحت یا ب ہو چکے ہیں۔
اٹلی میں فی الوقت 37130 مریض مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں اور انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب اس وبا کی روک تھام کے لیے بھارت میں ملک گیر لاک ڈاؤن میں 3 مئی تک توسیع دی گئی ہے لیکن اس دوران کچھ اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھولنے کی چھوٹ دی گئی ہے۔
واضح ر ہے کہ اٹلی میں 21 فروری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا ۔ اٹلی کا صوبہ لومباردیہ اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔