امدادی ٹیموں نے پیر کے روز ترکی کے شہر ازمیر میں زلزلے کے سبب منہدم عمارتوں کے ملبے سے دو لڑکیوں کو حادثے کے چوتھے روز زندہ باہر نکالا۔
جمعہ کے روز آنے والے زلزلے سے مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 81 ہوگئی ہے۔ راحت رسانی کا کام اب بھی جاری ہے۔ ازمیر میں منہدم عمارتوں کے درمیان ریسکیو کی ٹیموں کو رات میں مزید لاشیں ملی ہیں۔
ریسکیو کارکنوں نے پیر کے روز 14 سالہ آئیدل سیرین کو تقریبا 58 گھنٹوں کے بعد ملبے سے زندہ باہر نکالا تو لوگوں نے تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا۔
اس کے 7 گھنٹوں کے بعد ایک منہدم عمارت سے 3 سالہ ایلف پرنسک کو زندہ باہر نکالا گیا، جس کی والدہ اور دو بہنوں کو دو روز قبل ہی ریسکیو کیا گیا تھا۔
سرکاری نیوز ایجنسی 'انادولو' کے مطابق ایلف پرنسک نے اپنے اپارٹمنٹ کے ملبے میں 65 گھنٹے گزارے اور وہ زندہ بچائے جانے والی 106 ویں شخص بن گئیں۔
واضح رہے کہ مرکز یونانی جزیرے ساموس کے شمال مشرق میں بحیرہ ایجیئن میں آنے والے اس زلزلے کے سبب ترکی میں تقریبا ایک ہزار افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ 81 افراد اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔