افغانستان میں میں طالبان کی پیش قدمی اور تشددکی نئی لہر کے پس منظر میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل کینتھ مک کنزی نے کہا ہے کہ امریکہ طالبان کی پیش قدمی روکنے کے لئے افغان فورسز کی مدد کے لئے فضائی حملے جاری رکھے گا۔
جنرل کینتھ میک کنزی نے کابل میں پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکہ نے طالبان کے ٹھکانوں پر فضائی حملے بڑھا دیئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر طالبان کی جانب سے حملوں کا سلسلہ جاری رہا تو امریکہ افغان فورسز کی مدد میں اضافے کو جاری رکھے گا۔
دوسری جانب افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی اور حملوں کی شدت کی وجہ سے افغان آرمی چیف جنرل ولی محمد احمد زئی نے اپنا دورۂ بھارت ملتوی کردیا ہے۔ بھارت میں واقع افغان سفارتخانہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فوجی سربراہ ملک میں شدید لڑائی کی وجہ سے اپنا دہلی دورہ ملتوی کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: افغان آرمی چیف کا دورہ بھارت ملتوی
واضح ہو کہ افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کے انخلا کے ساتھ ہی ملک میں تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور طالبان نے ملک کے 85 فیصد سے زیادہ علاقے پر قبضے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس کے علاوہ طالبان نے ملک کے مختلف صوبوں پر بھی قبضہ کر لیا ہے، اس دوران افغان فورسز اور طالبان کے درمیان جنگ جاری ہے اور طالبان نے انتباہ دیا ہے کہ جب تک صدر اشرف غنی کو ہٹایا نہیں جاتا تب تک وہ جنگ جاری رکھیں گے۔