افغان دارالحکومت کابل میں بدھ کے روز دفاعی تنصیبات کے قریب ایک زبردست دھماکہ ہوا، جس میں کم از کم دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
کابل پولیس کے ترجمان فردوس فارمرز نے ایک تحریری پیغام میں صحافیوں کو بتایا کہ پولیس ڈسٹرکٹ 10 میں صبح 8:15 بجے (مقامی وقت) ایک طاقتور دھماکہ خیز ڈیوائس میں دھماکہ ہوا، جس سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکہ کابل ایئرپورٹ کے قریب ایک ایسے علاقے میں ہوا جہاں کئی اپارٹمنٹس اور عمارتیں واقع ہیں۔
دریں اثناء غیر سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نیشنل انٹیلی جنس ایجنسی کا ایک اہلکار بھی زخمیوں میں شامل ہے۔ ابھی تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
کابل گزشتہ چند برسوں میں حکومت مخالف طالبان عسکریت پسندوں اور اسلامک اسٹیٹ گروپ کے عسکریت پسندوں کے حملوں کے ایک سلسلے سے متاثر ہوا ہے۔
اس سے قبل افغانستان کے دارالحکومت کابل میں منگل کے روز عبوری وزیر دفاع بسم اللہ خاں محمدی کو نشانہ بناتے ہوئے عسکریت پسندوں نے ان کے گھر پر حملہ کیا تھا جس میں 8 شہری ہلاک جبکہ 20 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں، حالانکہ افغان فورسز نے حملہ آور 4 عسکریت پسندوں کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس حملے کی ذمہ داری طالبان نے لے لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کابل میں افغان وزیر دفاع کے گھر پر حملہ
واضح ہو کہ افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کے انخلا کے ساتھ ہی ملک میں تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور طالبان نے ملک کے 85 فیصد سے زیادہ علاقے پر قبضے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس کے علاوہ طالبان نے ملک کے مختلف صوبائی دارالحکومتوں کو بھی محاصرے میں لے لیا ہے، اس دوران افغان فورسز اور طالبان کے درمیان تصادم جاری ہے اور طالبان نے انتباہ دیا ہے کہ جب تک صدر اشرف غنی کو ہٹایا نہیں جاتا تب تک وہ جنگ جاری رکھیں گے۔