اسرائیل نے بھی دنیا کے منتخب ممالک کی طرح بڑے پیمانے پرعالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ ۔19) پر قابو پالیا ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیل میں کورونا انفیکشن کے صرف دو نئے معاملے سامنے آئے ہیں جبکہ ایک شخص کی اس وبا کی وجہ سے موت ہوگئی ہے۔
اسرائیلی وزارت صحت نے یہ معلومات ہفتے کے روز اسکولوں کے دوبارہ کھلنے کے موقع پر دی۔
اب تک اسرائیل میں کورونا انفیکشن کے 16،608 معاملات کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 268 افراد اس وبا کی وجہ سے ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس وقت ملک میں 3،485 فعال کورونا مریض زیر علاج ہیں۔ اسرائیل میں کوویڈ 19 کے انفیکشن سے 12،850 افراد مکمل طور پر صحتیاب ہوئے ہیں۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاھو نے جمعرات کے روز ان علاقوں میں اسکول دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا جہاں پر کورونا انفیکشن کے واقعات کم ہیں۔
چھوٹے گروپوں میں اسکولز میں کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا اور اس دوران صفائی کے علاوہ بچوں کے مابین جسمانی فاصلہ برقرار رکھنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
تمام طلبہ کو اپنے لواحقین کے دستخط کے ساتھ صحت کا سرٹیفکیٹ بھی دکھانا ہوگا۔ اس کے علاوہ ماسک پہننا بھی لازمی ہوگا۔ بچوں کو ایک دوسرے سے جسمانی فاصلہ 6.5 فٹ برقرار رکھنا ہوگا۔
اسرائیل میں لوگوں کو بھی 20 مئی سے سمندری ساحل پر جانے کی اجازت ہوگی جبکہ ایک جگہ پر 50 سے زیادہ افراد کے جمع ہوںے پر پابندی جاری رہے گی۔