عراق میں حکومت مخالف مظاہروں کے ایک برس مکمل ہونے کے موقع پر پیر کو ہزاروں کی تعداد میں مظاہرین نے دارالحکومت بغداد کی سڑکوں پر اتر کر احتجاج کیا۔
بغداد میں اسٹریٹجک جمھوریہ برج پر مظاہرین نے ٹائر جلائے، جس کے بعد دھواں سے پورا ماحول سیاح نظر آنے لگا۔
اسٹریٹجک جمھوریہ برج بغداد کے محفوظ ترین علاقے گرین زون کو دوسرے علاقوں سے جوڑتا ہے، جہاں بیشتر ممالک کے سفارت خانے اور بیشتر سرکاری دفاتر قائم ہیں۔
گذشتہ برس اکتوبر میں ہزاروں عراقیوں، جن میں زیادہ تر نوجوان تھے، انہوں نے سرکاری بدعنوانی بے روزگاری اور ناقص خدمات کو مسترد کرنے کے لئے بغداد اور جنوب کے شہروں میں احتجاج کیا تھا۔
مہینوں تک جاری رہنے والی اس احتجاجی تحریک کے دوران 500 سے زائد افراد مارے گئے۔ ان میں سے بیشتر مظاہرین کو عراقی سیکیورٹی فورسز نے گولی مار دی تھی۔
حکومت کی جانب سے کریک ڈاؤن کے باوجود مظاہرین کا کہنا ہے کہ ان کی تحریک اب بھی زندہ ہے۔