افغانستان کے مشرقی صوبہ غزنی میں افغان سلامتی دستے نے طالبان کے ٹھکانے پر حملہ کیا، جس میں 17 شدت پسند ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔
افغانستان کی وزارت دفاع نے بدھ کے روز اس کی تصدیق کی۔ وزارت دفاع نے ایک بیان میں بتایا کہ افغان قومی دفاعی اور سکیورٹی فورس نے فضائیہ کی مدد سے منگل کے روز صوبہ غزنی کے دارالحکومت سے متصل عریجو کے علاقے میں طالبان کے ٹھکانے پر زمینی اور فضائی دونوں طرح سے حملے کئے۔
بیان کے مطابق اس حملے میں طالبان کے دو کنٹرول اور کمانڈ سنٹر، کچھ اسلحہ اور گولہ بارود تباہ کردئے گئے۔
دریں اثناء، طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان نے عریجو علاقے میں 10 فوجیوں کو مار گرایا ہے۔
(یو این آئی)