ایک طرف پوری دنیا میں کورونا وائرس کے سبب ہوائی خدمات بری طرح متاثر ہیں، وہيں چین میں گھریلو ایئرلائن کمپنیوں کی خدمات تقریبا معمول پر لوٹ چکی ہیں۔
عالمی ٹریول ڈیٹا کمپنی 'فارورڈ' کی جانب سے ہفتہ کے روز جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق چین کی گھریلو ایئر لائن ستمبر کے پہلے ہفتے تک مکمل طور پر نارمل ہوجائے گی۔
اس رپورٹ کے مطابق اگست کے آخر تک چینی ہوائی اڈوں پر گھریلو ہوائی خدمات گذشتہ برس کے مقابلے تقریبا 86 فیصد تک پہنچ گئی ہیں، جبکہ 98 فیصد ٹکٹ بک کیے جارہے ہیں۔
کمپنی نے کہا کہ ایئر لائن کے مکمل طور پر نارمل ہونے کے لئے چار باتیں بہت اہم رہی ہیں۔ ان میں کورونا پر قابو پانے میں چین کی کامیابی، اسکولوں کے تعلیمی سیشن کا آغاز، گھریلو ایئر لائن کی خدمات میں اگست کے آخری ہفتے تک 5.7 فیصد اضافہ اور وسیع پیمانے پر ہوائی کرایہ کی تشہیرشامل ہے۔