دنیا کے تقریبا 116 ممالک میں کورونا وائرس کا قہر پھیل چکا ہے۔ اور اس کا سلسلہ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔ اسی ضمن میں سعودی عرب نے وائرس سے نمٹنے کی غرض سے 15 مارچ سے سبھی بین الاقوامی پروازوں کو دو ہفتے کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ حکومت نے اس پابندی سے غیر معمولی معاملات کو مستثنی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعے کو کورونا وائرس کے 24 نئے کیسز کی اطلاع دی تھی، جس کے بعد مملکت میں وائرس سے متاثرین کی تعداد 86 ہوگئی۔
سعودی حکومت نے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کے ارد گرد ایک حصار بنا دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ عمرے کی ادائیگی پر بھی عارضی پابندی عائد کردی گئی۔
اس سے قبل سعودی عرب نے ترکی، متحدہ عرب امارات،کویت، بحرین، لبنان، شام، عراق، مصر، اٹلی اور جنوبی کوریا سمیت 14 ممالک کے باشندوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کر دی تھی۔
واضح رہے کہ فی الحال 116 ممالک میں کروونا وائرس پھیل چکا ہے۔ ایک لاکھ 47 ہزار سے زائد افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں۔ اور ساڑھے 5 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔