کیف: یوکرین نے اتوار کو دعویٰ کیا کہ ملک کے مغربی حصے میں فوج کے تربیتی اڈے پر روسی میزائل حملے میں 35 افراد مارے گئے ہیں اور 134 زخمی ہو گئے۔
لیویوکے علاقائی گورنر میکسم کوزتسکی نے آج اپنے آفیشل فیس بک پیج پر کہا کہ ’’امن اور سلامتی کے مرکز پر ہوئی گولہ باری میں بدقسمتی سے ہم نے 35 ہیرو کھو دیے ہیں۔ اس دوران 134 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے جن کا اسپتال میں علاج جاری ہے‘‘۔
گورنر نےحملے میں مارے گئے لوگوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا’’ ہم کسی بھی ہیرو کو نہیں بھولیں گے اور کسی حملہ آور کو معاف نہیں کریں گے‘‘ ۔
مزید پڑھیں:
انہوں نے کہا کہ ’’حملہ بحیرہ اسود اور بحیرہ ازوف کی جانب سے کیا گیا۔ طیاروں نے ساراتوف ہوائی اڈے سے اڑان بھری اور 30 سے زیادہ میزائل داغے۔ یوکرین کے فضائی دفاعی نظام نے کام کیا اور ہم نے کئی میزائل فضا میں ہی مار گرائے ‘‘۔
یو این آئی