پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ملک کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عید الاضحی کے موقع پر احتیاط سے کام لیں اور کسی طرح کی لاپرائی سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح عیدالفطر کے موقع پر بے احتیاطی سے کام لیا گیا اور اس کے سبب کورونا کے کیسز میں تیزی درج کی گئی، وہ عمل اس عید کے موقع پر نہ دہرائیں، تاکہ ڈاکٹرز اور ہسپتالز کو راحت مل سکے۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ پاکستان میں بڑے پیمانے پر وائرس کا پھیلاو لاپروائی کے سبب ہوا ہے، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ فی الحال کورونا کے کیسز میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔
عمران خان نے عوام سے اس بار کی عید انتہائی سادگی سے منانے کی اپیل کی اور کہا زیادہ بھیڑ بھاڑ سے یہ وائرس تیزی سے پھیلتا ہے۔ اس لیے اجمتاعیت سے گریز کیا جائے۔
ورلڈو میٹر کی اعداد و شمار کے مطابق فی الحال پاکستان میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 40 ہزار سے زائد ہے۔ ان میں سے تقریبا 5 ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔