وزیراعظم مودی نے بھارت میں روایتی بودھی ادب و ثقافت اور اس سے متعلق نایاب کتابوں کے لئے لائبریری کی تجویز پیش کی ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کو روایتی بودھی ادب اور صحیفوں کی لائبریری بنانے کی تجویز پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ بھارت اس سہولت کی میزبانی کرنے اور اس کے لئے موزوں وسائل مہیا کرے گا۔
انڈیا ۔ جاپان سمواد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے جاپان کو سمواد کی مستقل حمایت کے لئے بھی شکریہ ادا کیا۔
پی ایم مودی نے کہا 'آج میں روایتی بدھی ادب اور صحیفوں کی لائبریری بنانے کی تجویز کرنا چاہتا ہوں۔ ہم بھارت میں اس طرح کی سہولت پیدا کرنے میں خوشی محسوس کریں گے اور اس کے لئے مناسب وسائل مہیا کریں گے'۔
وزیر اعظم مودی نے مزید کہا 'اس (لائبریری) کے تحقیقی مینڈیٹ میں یہ بھی شامل کیا جائے گا کہ بدھ کے پیغام سے ہم عصر چیلینجز کے مقابلہ میں کس طرح ہماری جدید دنیا کی رہنمائی کرسکتے ہیں، اس پر بھی غور کیا جائے گا'۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کتب خانہ مختلف ممالک سے اس طرح کے تمام بودھ ادب کی ڈیجیٹل کتابیں اکٹھا کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا 'اس کا مقصد ان کا ترجمہ کرنا اور انہیں بدھ مذہب کے تمام راہبوں اور اسکالروں کے لئے آزادانہ طور پر دستیاب کرنا ہے'۔
وزیر اعظم مودی نے فورم کو ان عظیم کاموں کی ستائش کی جو اس نے بدھ کے افکار اور نظریات خصوصا نوجوانوں میں فروغ دینے کے لئے کئے ہیں۔
انہوں نے کہا 'تاریخی طور پر بدھ کے پیغام کی روشنی بھارت سے دنیا کے بہت سارے حصوں تک پھیل گئی'۔
وزیر اعظم مودی نے مزید کہا 'اس سفر میں سمواد اپنے بنیادی مقاصد پر قائم رہا ہے جس میں یہ عناصر شامل ہیں: مکالمہ، بحث و مباحثہ کی حوصلہ افزائی کرنا، اپنی مشترکہ اقدار کو اجاگر کرنا، روحانی اور علمی تبادلوں کی اپنی قدیم روایت کو آگے بڑھانا'۔