پاکستان نے اپنی فوجی طاقت میں اضافہ کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی سے لیس کروز میزائل رعد ٹو کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ کروز میزائل رعد ٹو 600 کلو میٹر تک جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ میزائل جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہے، اس میں نیوی گیشن کا بہترین نظام ہے، جس کی مدد سے میزائیل بہتر طریقے سے اپنے احداف کو نشانہ بنانے کا حامل ہے۔
تعلقات عامہ کے مطابق میزائل کے تجربے کے دوران ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ندیم زکی، چیئرمین نیسکام ڈاکٹر نبیل حیات سمیت ملک کے متعدد سینئر افسران موجود تھے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن نے سائنسدانوں اور انجینئروں کی تکنیکی صلاحیت، لگن اور عزم کی تعریف کی۔
انہوں نے میزائل کے کامیاب تجربے کو پاکستان کی صلاحیتوں کی تکمیل کی سمت ایک بڑا قدم بھی قرار دیا۔
اس کے علاوہ صدر، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو میزائل کے کامیاب تجربے پر مبارکباد پیش کی۔