پاکستان کے کراچی شہر میں پاکستان ایئر لائنز سے وابستہ ایک مسافر طیارہ جمعہ کے روز گر کر تباہ ہوگیا۔ کراچی کے میئر نے بتایا کہ اس طیارے میں عملہ سمیت سبھی 107 مسافر ہلاک ہو گئے۔
پی آئی اے کا طیارہ جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے نزدیک ایک گنجان آبادی والے محلے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ میئر وسیم اختر نے بتایا حادثے میں کم از کم پانچ یا چھ مکانات تباہ ہوئے ہیں اور فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ رہائشی علاقے میں کتنے ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ ایئر بس اے 320 طیارہ ہوائی اڈے کے قریب رہائشی علاقے ماڈل کالونی میں گرنے سے پہلے دو یا تین بار اترنے کی کوشش کرتا نظر آیا۔
شہری ہوابازی اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ لاہور سے کراچی آنے والے طیارے میں 99 مسافر اور عملے کے آٹھ افراد سوار تھے اور اس حادثے میں سبھی افراد ہلاک ہو گئے۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے پی آئی اے کے حادثے پر حیرت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوری تحقیقات کا آغاز کیا جائے گا۔