پاکستان اور روس کے قومی سلامتی کے مشیروں نے تفصیلی بات چیت کی ہے اور اسے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی طرف ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
قومی سلامتی ڈویژن (این ایس ڈی) نے اسلام آباد میں جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف اور روس کے قومی سلامتی کے مشیر نکولائی پیٹروشیف نے بدھ کو ماسکو میں علاقائی اور بین الاقوامی امور پر گہرائی سے بات چیت کی۔
دونوں فریقین نے روس پاکستان تعلقات کے وسیع پہلوؤں کا جائزہ لیا جن میں معیشت، توانائی، دفاع، انسداد دہشت گردی، اطلاعات اور سائبر سیکورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون شامل ہے۔ اس دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں اسپیشل سروسز اور دونوں ممالک کی وزارت دفاع کے درمیان تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے روس، چین اور ایران کی خفیہ ایجنسیوں کے سربراہان کی میزبانی کی
انگریزی روزنامہ ’ڈان‘ کی رپورٹ کے مطابق دونوں فریقوں نے افغانستان میں پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ملک میں موجودہ انسانی بحران پر تشویش کا اظہار کیا۔
(یو این آئی)