پاکستان میں کورونا کے کم ہوتے معاملات کے پیش نظر پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ حکومت ملک میں سیاحت کے لیے نئے قوانین لارہی ہے۔
پاکستانی میڈیا کی ر پورٹ کے مطابق ناران میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 'ملک میں دہشت گردی پر قابو پانے کے بعد سے سیاحت بڑھتی جارہی ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'سیاحت صرف یہی نہیں کہ اچھے خوبصورت علاقے ہوں، ان کے لیے مختلف سرگرمیوں کا بھی منصوبہ بنایا جانا چاہیے اس سے لوگوں کی آمدنی بڑھتی ہے اور روزگار ملتا ہے'۔ انہوں نے کہا کہ یو این ڈی پی کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ خیبر پختونخوا میں سب تیزی سے غربت میں کمی آئی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سیاحت کا آغاز صرف سڑکوں کی تعمیر سے نہیں ہوتا، سوئٹزرلینڈ نے سیاحوں کے لیے مختلف سرگرمیاں بھی فراہم کیں جہاں وہ اپنے پیسے خرچ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موبائل فون کی وجہ سے سیاحت میں اضافہ ہورہا ہے، لوگ تصویریں کھینچ کر شیئر کرتے ہیں اور ہر کوئی وہاں جانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرمیوں میں رش کے باعث ہوٹل کے کرائے بڑھ جاتے ہیں کیونکہ اس موسم میں لوگ ٹھنڈے علاقوں میں آتے ہیں اور ہوٹلوں کے کرائے بڑھ جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں امریکی فوجی اڈوں کی اجازت نہیں دیں گے: عمران خان
انہوں نے کہا کہ انہیں ریگولیٹ کرنے کے بجائے ہمیں اور مزید ہوٹلز بنانے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کم از کم 15 نتھیا گلی جیسے علاقے بن سکتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ 'اب تک انگریزوں کے بنائے ریزورٹس ہیں، ہم نے تو کوئی بھی نئے نہیں بنائے، ہمیں زیاہ ہوٹل اور نتھیا گلی جیسے علاقے بنانے کی ضرورت ہے'۔
وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ حکومت نئے ریزورٹ بنانے جارہی ہے اور سیاحت کے لیے قواعد بھی بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹورازم انٹگریٹڈ زون قائم کر رہے ہیں جس میں ماحولیات بھی دیکھیں گے اور قوانین بنائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے اس بار ڈیولپمنٹ فنڈ میں سب سے زیادہ اس کام کے لیے ہی پیسے لگانے ہیں۔