ایک طرف پوری دنیا عالمی وبا کورونا وائرس سے نبردآزما ہے وہیں شمالی کوریا کی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ملک میں اب تک کورونا انفکشن کا ایک بھی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے۔
شمالی کوریا میں برسراقتدار ورکرس پارٹی کے سرکاری اخبار روڈونگ سنمن نے جمعرات کو شائع اپنی ایک رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگر شمالی کوریا میں جلد ہی کچھ سخت قدم نہیں اٹھا ئے گئے تو ملک کورونا سے پاک ہونے کا تمغہ گنوا سکتا ہے۔
شمالی کوریا میں چندروز قبل کورونا کے ایک مشتبہ مریض کا پتہ چلا تھا۔ وہ جولائی کے آغاز میں جنوبی کوریہ سے آیا تھا اور اس میں کورونا کی علامات دیکھی گئی تھیں۔ شمالی کوریا نے تب کائیسونگ نامی اس شہر کو ہی پوری طرح سیل کردیا تھا۔
وہیں جنوبی کوریا نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ شخص کووڈ-19 سے متاثر نہیں تھا۔ تب سے ہی اس شخص کو کوارنٹائن میں رکھا گیا ہے اور شمالی کوریا کے صحت افسران اس کے رابطہ میں آئے لوگوں کو پتہ لگارہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ شمالی کوریا کے علاوہ ترکمانستان سمیت کچھ چنندہ ملک ہی ہیں جہاں اب تک کورونا کے ایک بھی معاملے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔