اس وبا سے عوام کو محفوظ رکھنے کےلیے دنیا بھر میں احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں وہیں کئی مسلم ممالک میں لوگوں کو مسجد نہ آنے کی اور گھر پر ہی نماز ادا کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
سعودی عرب نے کورونا وائرس کے خطرہ کے مدنظر حرمین شریفین کے سوا مملکت کی تمام مساجد میں باجماعت نماز کو معطل کردیا ہے۔ حکومتی اعلان کے مطابق نماز جمعہ کے بشمول تمام باجماعت نمازوں کو مساجد میں ادا نہیں کیا جائے گا جبکہ اس فیصلہ سے کعبۃ اللہ اور مسجد نبویﷺ کو مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔
اطلاع کے مطابق اذاں میں ’حی الصلواۃ‘ کے الفاظ کی جگہ ’الصلواۃ فی بیوتکم‘ یعنی نماز گھر پر ادا کرو، کہا جائے گا۔
دوسری جانب کویت میں بھی اذان کے الفاظ تبدیل کرکے مساجد آنے کے بجائے گھروں میں ہی نماز پڑھنے کی ہدایت دی جا رہی ہیں جبکہ اس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی ہے۔
وائرل ویڈیو میں کویت کی ایک مساجد میں دی جانے والی اذان سنائی دے رہی ہیں، لیکن کہیں اذان سے قبل، کہیں درمیان میں اور کہیں اذان کے بعد ایک جملہ ‘الصلوۃ فی بیوتکم’ دہرایا جا رہا ہے جس کا مطلب ہے کہ نماز گھر میں ہی ادا کی جائے۔
واضح رہے کہ اذان کی اس صورت کا ذکر صحیح بخاری میں ہے جہاں حی علی الصلاۃ (آؤ نماز کی طرف) کی بجائے الصلاۃ فی بیوتکم (اپنے گھروں میں نماز پڑھو) کا حکم ہے۔ نبی اکرم ﷺ کے دور میں بھی تیز بارش اور طوفان کے دوران ایسی اذان دیے جانے کی روایات موجود ہیں۔
اس کے علاوہ بعض دوسرے ممالک میں بھی کورونا کی صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر مساجد میں نماز ادا نہ کرنے کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔