بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور نیپال کے وزیراعظم کے پی شرما نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ دونوں ممالک کی سرحدو ں سے مال کی نقل و حرکت کو ہموار بنانے کے لئے مربوط چیک پوسٹ کی شروعات کی۔ ساتھ ہی دونوں رہنماوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دنوں میں ایسی مزید سہولیات شروع کی جائیں گی۔
مسٹر مودی نے نئی دہلی سے اور مسٹر اولی نے کٹھمنڈو سے ویڈیو کانفرنسنگ سے جڑے تھے۔ دونوں لیڈروں نے 2015میں زلزلہ کے بعد گھروں کے تعمیر نو پروجیکٹ کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ قومی سیکورٹی کے مشیر اجیت ڈوبھال اور خارجہ سکریٹری وجے گوکھلے بھی اس موقع پر وزیراعظم کے ساتھ موجود تھے۔
وزیراعظم نے اس موقع پراپنے خطاب میں کہاکہ نیپال کی چو طرفہ ترقی میں اس کی ترجیحات کے مطابق ہندستان ایک قابل اعتماد شراکت دار کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔ ’پڑوسی پہلے‘ انکی حکومت کی ترجیح رہی ہے اور سرحد پار کنیکٹیوٹی کو بڑھانا اس پالیسی کا ایک خاص مقصد ہے۔ پڑوس میں تمام دوست ممالک کے ساتھ آمدورفت کو آسان اور ہموار بنانا اور ہمارے مابین تجارت، ثقافت، تعلیم وغیرہ شعبوں میں رابطہ کو مزید آسان بنانے کے لئے حکومت پرعزم ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندستان اور نیپال کے تعلقات صرف پڑوسیوں کے ہی نہیں ہیں۔ تاریخ اور جغرافیہ نے ہمیں قدرتی، زبان، ثقافت، ترقی اور نہ جانے کتنے دھاگوں سے جوڑا ہے۔ اس لئے ہم دونوں ممالک کے مابین اچھی کنیکٹیوٹی ہماری زندگی مزید نزدیک سے جوڑتی ہے اور ہمارے دلوں کے مابین نئے راستے کھولتی ہے۔ کنیکٹیوٹی نہ صرف ملک کے بلکہ پورے علاقائی خطہ کی ترقی کے لئے ایک محرک کا کام کرتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ پانچ مہینوں میں ہم دوسری بار دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ پروجیکٹوں کا افتتاح ویڈیو لنک کے ذریعہ کررہے ہیں۔ یہ ہندستان۔نیپال تعلقات میں توسیع اور تیز ترقی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندستان اور نیپال کئی سرحدپار کنیکٹیوٹی پروجیکٹ جیسے روڈ، ٹرین اور ٹرانسمیشن لائنوں پر کام کررہے ہیں۔ ہمارے ممالک کے مابین سرحد کے اہم مقامات پر انٹیگریٹیڈ جانچ چوکیاں آپسی تجارت اور آمدورفت کو بہت آسان بنا رہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ آئی سی پی بنانے کا پہلا مرحلہ میں ہم نے بیرگنج اور وراٹ نگر میں آئی سی پی کی ترقی کا فیصلہ کیا تھا۔ بیر گنج کی آئی سی پی کا ہم نے 2018میں افتتاح کیا۔ اب وراٹ نگر میں بھی آئی سی پی کا شروع ہوجانا بہت خوشی کا موضوع ہے۔ ہندستان کی طرف رکسول اور جوگ بنی سے ہی یہ سہولت دستیاب ہے۔