پاکستان کے محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ممبئی حملہ سازش کے کلیدی ملزم ذکی الرحمان لکھوی کو عسکریت پسندی کی فنڈنگ کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
کالعدم تنظیم لشکر طیبہ کے کمانڈر ذکی الرحمان لکھوی جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید کے قریبی ساتھی بھی ہیں۔
سی ٹی ڈی تھانہ لاہور میں درج دہشت گردی کی فنڈنگ کے مقدمے میں ان کی گرفتاری عمل میں آئی۔
ان پر الزام ہے کہ ڈسپنسری چلانے کی آڑ میں عسکریت پسندی کے لیے فنڈز جمع کرتے رہے جنہیں عسکریت پسندی کی کارروائیوں اور ذاتی اخراجات کے لیے استعمال کیا۔
ان کا نام اقوام متحدہ کی 'دہشت گردوں' کی فہرست میں بھی شامل ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق ذکی الرحمان لکھوی پر لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں دہشت گردوں کی مالی معاونت کا کیس چلایا جائے گا۔