وزیر اعظم نریندر مودی نے آج بھارت میں دنیا کی سب سے اونچی ہائی وے ٹنل 'اٹل ٹنل روہتانگ' کا افتتاح کیا ، سطح سمندر سے 10 ہزار فٹ کی بلندی پر بنے اس ٹنل کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی کئی حیران کن ٹنلز ہیں۔
دنیا کی سب سے لمبی سرنگ (ٹنل) سوئٹزرلینڈ میں ہے جسے 'گوتھرڈ بیس ٹنل' کا نام دیا گیا ہے اس ٹںل کی لمبائی 57 کلومیٹر ہے اور گہرائی 23 میٹر ہے۔ یہ دنیا کا سب سے لمبا ٹنل ہے۔
ٹیکنالوجی کے معاملے میں جاپان دنیا کے کئی ترقی یافتہ ممالک سے آگے ہے، یہاں کے 'سیکان ٹنل' کی لمبائی 53.8 کلو میٹر ہے۔ سیکان ٹنل جاپان کے اہم جزیرے ہانسو کو ہوکائیڈو جزیرے سے جوڑتا ہے۔
لمبائی کے لحاظ سے یہ دنیا کا دوسرے نمبر کا سب سے لمبا ٹنل ہے اس ٹنل کی خاص بات یہ ہے کہ اسے زیر سمندر بنایا گیا ہے۔
برطانیہ اور فرانس جوڑنے والے 'چینل ٹنل' کی لمبائی 50 کلو میٹر ہے۔ عام طور سے ٹنل کا استعمال ملک اندر سفر کی مسافت کو کم کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔
لیکن 50 کلو میٹر لمبی اس ٹنل میں تین ٹنل ہیں جس میں سے دو کا استعمال ریلوے کے لیے جبکہ ایک کا استعمال دفاعی امور کے لیے کیا جاتا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ چینل ٹنل کا 37.8 کلو میٹر حصہ سمندر کے نیچے ہے۔
سڑک پر بنی سب سے لمبی سرنگ کا اعزاز حاصل کرنے والی 'لارڈل ٹنل' شمالی ناروے میں ہے جس کی لمبائی 24.5 کلو میٹر ہے، گاڑی چلانے کے دوران تھکان دور کرنے اور ناگہانی واقعات سے نمٹنے کے لیے ہر چھ پر خاص انتظام کیا گیا ہے۔
جاپان کی 'ٹوکیو بے ایکوا لائن' سرنگ کا 9.6 کلو میٹر کا حصہ سمندر کے نیچے پائپ لائن کی شکل میں تیار کیا گیا ہے اور 4.4 کلو میٹر سمندر پر پل کی شکل میں بنا ہوا ہے۔
ٹوکیو بے ایکوا لائن ٹنل جاپان کے دو شہر کاواساکی اور کیساراجو کو جوڑتا ہے، اس ٹنل کے سبب سفر کے دوران لگنے والا 90 منٹ کا وقت کم ہوکر صرف 15 منٹ رہ جاتا ہے۔
بھارت کے زیر انتظام علاقے جموں و کشمیر کا 'چنانی ناشری ٹنل' بھی ایک منفرد شناخت رکھتا ہے، جموں و کشمیر کو دیگر ریاستوں سے جوڑنے کے لیے یہ ٹنل تعمیر کیا گیا تھا اور اس ٹنل کے ذریعے یہاں کسی بھی موسم میں آمد و رفت کی جاسکتی ہے۔
جموں و کشمیر میں اکثر زمین کھسکنے، برف کے تودے اور کہر کے سبب ناگہانی واقعات پیش آتے رہتے تھے اور اسی وجہ سے اکثر یہاں ٹریفک نظام درہم برہم رہتا تھا۔
اس مسلئے سے نمٹنے کے لیے 3720 کروڑ روپئے کی لاگت کا یہ چنانی ناشری ٹنل بنایا گیا جموں و کشمیر کے ادھمپور-رامبن کے درمیان بنی 9 کلو میٹر کی دو ٹیوب والی اس ٹنل کو عام لوگوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔