ہیلی کاپٹر حادثہ میں بپن راوت کی موت CDS Bipin Rawat Died in Helicopter Crash پر امریکہ اور پاکستان سمیت دیگر ممالک نے افسوس کا اظہار کیا۔
امریکی سفارت خانے نے تمل ناڈو ہیلی کاپٹر حادثہ میں سی ڈی ایس جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ اور مسلح افواج کے دیگر اہلکاروں کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
امریکی سفارت خانے نے حادثے میں ہلاک ہونے والے جنرل بپن راوت اور دیگر لوگوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'انہوں نے ملک کے پہلے سی ڈی ایس کے طور پر بھارتی فوج میں تبدیلی کے ایک تاریخی دور کی قیادت کی۔ وہ امریکہ کے ایک مضبوط دوست اور شراکت دار تھے۔
امریکی سفارت خانے کی جانب سے بپن راوت کے ساتھ سفر کرنے والے کیپٹن ورون سنگھ Wing Commander Varun Singh کی جلد شفایابی کی دعا کی گئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 'چیف جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہیلی کاپٹر حادثے میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کی ہلاکت، ان کی اہلیہ اور دیگر اہلکاروں کی موت پر تعزیت پیش کی۔
اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بھوٹان کے وزیراعظم لوٹے شیرنگ نے کہا 'بھارت میں ہیلی کاپٹر کے حادثے کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا جس میں سی ڈی ایس جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 13 اہلکار موجود تھے۔ ان سبھی کی اچانک موت کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔ بھوٹان کے لوگ اور میں ان سبھی کے لیے دعاگو ہیں۔
اسی دوران روس کے سفیر نکولے کوداشیف نے ایک ٹویٹ میں جنرل بپن راوت کی موت پر گہرے غم کا اظہار کیا اور کہا کہ 'بھارت نے اپنے عظیم محب وطن اور ملک کے لیے وقف حقیقی ہیرو کو کھو دیا ہے۔
ایک اور ٹویٹ میں کوداشیف نے کہا کہ 'روس نے ایک انتہائی قریبی دوست کو کھو دیا ہے جس نے ہماری دو طرفہ اسٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔ بھارت کے ساتھ تعزیت کرتا ہوں۔ الوداع دوست! الوداع، کمانڈر!
بھارت میں اسرائیل کے سفیر اور سابق فوجی افسر نور گیلن نے کہا کہ 'ہیلی کاپٹر حادثے میں جنرل بپن راوت اور دیگر افراد کی موت سے گہرا صدمہ پہنچا ہے اور انہیں کافی دکھ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'اسرائیل کے لوگ دکھ کی اس گھڑی میں بھارتی عوام اور حکومت کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز تقریباً 12.15 بجے تمل ناڈو کے کُنور کے قریب ہیلی کاپٹر حادثے میں سی ڈی ایس جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 13 لوگوں کی جان چلی گئی۔ جبکہ گروپ کیپٹن ورون سنگھ اس حادثے میں زخمی ہیں اور ان کا علاج چل رہا ہے۔