امریکی شہر نیو یارک میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو 'گول کیپر ایوارڈ' دیے جانے کے ساتھ بھارتی ریاست راجستھان کی ایک لڑکی کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اپنے گاوں میں بچہ مزدوری اور چائلڈ میرج جیسی سماجی برائیوں کو ختم کرنے کی کوشش کرنے والی پائل جانگِڑ نامی لڑکی کو 'چینج میکر' ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اس موقع پر پائل نے کہا کہ جس منچ پر وزیر اعظم کو ایوارڈ دیا گیا، اسی منچ پر انہیں بھی اعزاز سے نوازا جانا ان کے لیے انتہائی خوشی کی بات ہے۔
پائل کا مزید کہنا ہے کہ جس طرح انہوں نے اپنے گاوں میں اس چیز کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے، اسی طرح پوری دنیا میں ختم کرنا چاہتی ہیں۔
پائل کی اس کامیابی پر نوبل انعام یافتہ کیلاش ستیارتھی نے کہا کہ پائل نے سبھی کو فخر کرنے کا موقع دیا ہے۔ وہ ان نوجوان لڑکیوں میں سے ایک ہیں جو بھارت اور دیگر مقامات پر بچوں کے استحصال کے خلاف سامنے آئی ہیں۔
کیلاش ستیارتھی کا مزید کہنا ہے کہ وہ اپنی بچپن کی شادی سے انکار کر کے اپنے اور آس پاس کے دیگر گاوں کے لیے ایک مثال بن گئی ہیں۔