افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کے انخلا کے بعد افغانستان میں جاری تشدد کے درمیان افغانستان میں واقع بھارت کے سفارتخانے نے افغانستان میں مقیم بھارتی شہری کے لئے سکیورٹی ایڈوائزری جاری کی ہے۔
ایڈوائزری میں افغانستان میں پہنچنے والے، قیام اور کام کرنے والے بھارتی شہری سے کہا گیا ہے کہ وہ سلامتی کے حوالے سے انتہائی احتیاط برتیں اور ملک کے مختلف حصوں میں بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات کے پیش نظر ہر قسم کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
مشاورتی بیان میں سفارتخانے نے کہا کہ افغانستان میں سیکیورٹی کی صورتحال بعض صوبوں میں بہت خطرناک ہے اور عسکری گروہوں نے متعدد حملے کیے ہیں، جن میں عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی شہریوں کو اس کے علاوہ اغوا کے خطرے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
گراؤنڈ رپورٹنگ کے لئے افغانستان جانے والے بھارتی صحافیوں کی خاص توجہ مبذول کرائی گئی ہے۔ 'جیسا کہ حالیہ واقعات سے ظاہر ہوتا ہے، یہ ضروری ہے کہ تمام بھارتی میڈیا نمائندے جو گراؤنڈ رپورٹنگ کر رہے ہیں، وہ سفارتخانے کے امور عامہ اور سکیورٹی ونگ سے رابطہ کریں اور اپنے سفر اور دیگر باتوں سے سفارتخانے کو باخبر رکھیں۔' یہ اڈیوائزری پولٹزر انعام یافتہ بھارتی صحافی دانش صدیقی کی افغانستان میں ہلاکت کے بعد جاری کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Afghan War: 'افغانستان میں نئی حکومت کی تشکیل تک جنگ بندی نہیں ہوگی'
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اس سے نہ صرف صحافیوں کو ان خطرات کا بہتر اندازہ لگانے میں مدد ملے گی، بلکہ سفارت خانہ کے لئے ضرورت پڑنے پر فوری مدد فراہم کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔