اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل نمائندے ٹی ایس تیرومورتی نے سیکوریٹی کونسل میں ’دہشت گردانہ کاروائیوں کے نتیجہ میں بین الاقوامی امن و سلامتی کو لاحق خطرات‘ سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی سے بنی نوع انسان کےلیے خطرہ برقرار ہے‘ جبکہ انسداد دہشت گردی پر عالمی کوششوں میں بھارت سب سے آگے ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود محفوظ ٹھکانوں سے دہشت گرد سرگرمیاں جاری ہیں اور افغانستان میں پرتشدد حملوں کی وجہ سے امن عمل متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن عالمی جنگ کی ضرورت پر زور دیا۔
بھارت نے سرگرم دہشت گرد گروہوں جیسے حقانی نیٹ ورک، القاعدہ، آئی ایس وغیرہ سے پاکستانی روابط کی نشاندہی کی۔ تیرومورتی نے مزید کہا کہ پاکستانی حکام نے جنوبی ایشیا میں القاعدہ، تحریک طالبان پاکستان و دیگر دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔