پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راج پکشے کی دعوت پر دو روزہ دورے پر سری لنکا پہنچ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ منصب سنبھالنے کے بعد عمران خان کا سری لنکا کا یہ پہلا دورہ ہے۔
سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیر اعظم مہندا راج پکشے نے اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر ایک تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جہاں پاکستان اور سری لنکا کے قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔
اس کے علاوہ عمران خان کو توپوں کی سلامی دی گئی اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیرِ تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان اس موقع پر سری لنکا کے صدر گوٹابایا راج پکشے اور اپنے ہم منصب سے اہم علاقائی اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
واضح رہے کہ بھارت نے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے طیارے کو سری لنکا کے پہلے دو روزہ سرکاری دورے کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی تھی۔
خیال رہے کہ سنہ 2019 میں پاکستان نے کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کی امریکہ اور سعودی عرب کے سفر کے لیے اپنی فضائی حدود کھولنے سے انکار کردیا تھا۔
عام حالات میں وی وی آئی پی طیاروں کو ممالک کے ذریعہ اجازت مل جاتی ہے۔ تاہم، پاکستان نے وی وی آئی پی طیاروں کو اجازت دینے سے انکار کیا تھا۔