پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بھارت اسلام آباد کو عدم استحکام اور نشانہ بنانے کے لئے افغانستان کی سرزمین استعمال کرسکتا ہے۔
انہوں نے اسلام آباد میں دو روزہ پاکستان - افغانستان تجارت اور سرمایہ کاری فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'پاکستان کو خوف ہے کہ بھارت ہمیں غیر مستحکم کرنے کے لئے افغانستان کا استعمال کرے گا'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'ہم نے بھارت کے ساتھ دوستی کی کوشش کی لیکن کامیاب نہیں ہوسکے۔ ہمیں احساس ہے کہ بھارت نظریاتی طور پر پاکستان کے خلاف ہے'۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت میں نریندر مودی کی زیر قیادت حکومت نہ صرف ایک ملک کی حیثیت سے پاکستان کے خلاف ہے بلکہ اس کی مسلم آبادی کے خلاف بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔ بھارت میں اقلیتوں پر مسلسل دباؤ ڈالا جارہا ہے۔
کشمیر میں بھارتی حکومت کے فیصلوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ بے گناہ کشمیریوں پر مظالم ڈھانے پر تلے ہوئے ہیں۔