ہانگ کانگ میں حکومت کے حوالگی بل کی نئی ترمیم کے خلاف احتجاج کے دوران مختلف افراد زخمی ہوئے ہیں۔ مشتعل مظاہرین کو قابو میں کرنے کے لیے پولیس کو آنسو گیس اور لاٹھیوں کا استعمال کرنا پڑا، اس دوران کئی پولیس اہلکاروں کے بھی زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔
ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ اخبار کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق 10 لاکھ سے زائد افراد ترمیم بل کی مخالفت میں سڑکوں پر اترے تھے۔ وہیں پولیس کا کہنا ہے کہ محض 2 لاکھ 40 ہزار افراد مظاہرے میں شامل تھے۔
رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے حکام پر بوتلیں پھینکیں جس کے رد عمل میں پولیس نے لاٹھی چارچ کیا، كالي مرچ اور آنسو گیس کا بھی استعمال کیا۔ اس کے علاوہ پولیس نے سات افراد کو حراست میں بھی لیا ہے۔
وہیں دو پولیس افسر بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، متعدد صحافیوں اور ایک مقامی ٹی وی چینل کے آپریٹر کے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے۔
آر ٹی ایچ کے براڈکاسٹر نے بتایا کہ آدھی رات کے بعد احتجاج پرتشدد ہو گیا کیونکہ کچھ مظاہرین قانون ساز کونسل کو گھیرنے کے مقصد سے آگے بڑھ رہے تھے۔