عالمی سطح پر کورونا وائرس سے متاثرین اور ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ تا دم تحریر عالمی سطح پر کورونا متاثرین کی تعداد 47 لاکھ 20 ہزار 196 تک پہنچ چکی ہے۔ متاثرین میں سے 3 لاکھ 13 ہزار 220 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ 18 لاکھ 11 ہزار 674 افراد مکمل طور پر صحتیاب ہوئے ہیں۔
اتوار کو چین کے شمال مشرقی صوبے جِلِن میں کورونا کے 5 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان میں سے 2 بیرون ملک سے ہے، جبکہ 3 افراد چین میں ہی تھے۔
گذشتہ ماہ چین میں ایک بھی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی تھی، لیکن جلن میں ایک موت کی تصدیق ہو گئی ہے۔ اس طرح چین میں کورونا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 4 ہزار 634 ہو چکی ہے۔ یہاں 82 ہزار 947 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
چین میں اب محض 86 افراد ہسپتال میں داخل ہیں۔ اس کے علاوہ 519 افراد کو نگہداشت میں علیحدہ رکھا گیا ہے۔
جنوبی کوریا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13 نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔ کوریا سینٹر فار ڈزیز کنٹرول اینڈ پریونشن کی رپورٹ کے مطابق یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 11 ہزار 50 ہو چکی ہے، جبکہ 262 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
فی الحال دنیا بھر میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض امریکہ میں ہیں۔ یہاں متاثرین کی تعداد 15 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔ ان میں سے 90 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس نئے کورونا وائرس کے سبب مریض کو بخار، کھانسی جیسی معمولی علامتیں ظاہر ہوتی ہیں، تاہم بڑی عمر اور بیمار افراد کے لیے ہلاکت کا شدید خطرہ ہے۔