چین کے صوبے ہوبی کے بہت سے دیہی علاقوں میں شدید بارش کی وجہ سے سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے اور لاکھوں زندگیا ں متاثر ہوئی ہیں۔
چین کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل 'سی سی ٹی وی' کی خبر کے مطابق ایک بڑے شہر کے لوگ اہم سڑکیں منقطع ہونے کے بعد پھنس گئے، جنہیں محفوظ مقامات پر پہنچانے کا عمل جاری ہے۔
سی سی ٹی وی کے مطابق زونگ زیانگ سٹی میں شوانگے کا علاقہ تقریبا 5 فٹ کے گہرے پانی میں ڈوب گیا اور مرکزی سڑک پر 2 کلومیٹر تک پانی ہی پانی نظر آ رہا ہے۔ یہاں بلند عمارتوں میں رہنے والے کچھ افراد پھنس کر رہ گئے ہیں۔
حکام کا اندازہ ہے کہ سیلاب کی وجہ سے صوبے کے 22 شہروں میں تقریبا 6 لاکھ 50 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔
منسٹری آف ایمرجنسی مینجمنٹ نے بتایا کہ جون کے اوائل میں شروع ہونے والے ملک گیر سیلاب میں تقریبا 78 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس دوران ایک لاکھ سے زائد مکانات تباہ ہوئے ہیں اور 25 بلین سے زائد چینی کرنسی یان کا معاشی نقصان ہوا ہے۔
ہر برس چین کے مختلف علاقوں میں سیلاب آنا عام بات ہے۔ چینی حکام نے ڈیمز کی تعمیر کے ذریعہ اس تباہی کو حتی الامکان کم کرنے کی کوشش کی ہے۔
حالیہ برسوں میں چین کا بدترین سیلاب سنہ 1998 میں آیا تھا، جس میں 2000 سے زائد افراد ہلاک اور تقریبا 30 لاکھ مکانات تباہ ہوئے تھے۔